ہائیکورٹ کا حکومت کو 2 ماہ میں کرپٹو کرنسی تجارت ریگولیٹ کرنے کا حکم

تازہ ترین

تازہ ترین

کرپٹو کرنسی
(فوٹو: آن لائن)

پشاور ہائی کورٹ (پی ایچ سی) نے جمعہ کے روز وفاقی حکومت کو ملک میں کرپٹو کرنسی ٹریڈنگ کو ریگولیٹ کرنے کیلئے قانون سازی دو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ احکامات کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل فاریکس کی غیر قانونی تجارت کے خلاف دائر ایک درخواست کی سماعت کے دوران دیے گئے۔ عدالتِ عالیہ نے اپنے احکامات میں وفاقی حکومت کو اس معاملے پر قانون سازی کے لیے دو ماہ کی مہلت دی۔

ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ میں جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس خورشید اقبال شامل تھے۔ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت قانون سازی کے عمل میں ہے، انہوں نے قانون سازی کیلئے مہلت میں  ایک ماہ کی توسیع کی درخواست کی۔

تاہم جسٹس سید ارشد علی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہم دو ماہ دے رہے ہیں، اس مدت کے اندر قانون سازی مکمل کی جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو مطلوبہ قانون سازی کرنے اور رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا۔ اس سے قبل حکومت نے کرپٹو کرنسی پالیسی تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا تاہم ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

Related Posts