حنا ربانی کھر کابل پہنچ گئیں، افغان وزیر خارجہ سے ملاقات، تجارتی تعلقات پر گفتگو

تازہ ترین

تازہ ترین

وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر افغانستان کے دارالحکومت کابل پہنچ گئی ہیں جہاں ان کی افغان وزیرِ خارجہ سے ملاقات اور دو طرفہ تجارتی و معاشی تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ حنا ربانی کھر آج وفد کے ہمراہ 1 روزہ دورے کیلئے کابل پہنچ گئیں۔دورۂ کابل کا مقصد پاک افغان تعلقات کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

عوام کیلئے اچھی خبر، بجلی 32 روپے فی یونٹ سستی

کابل ائیرپورٹ پر وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر کا استقبال افغان عبوری حکومت کے نائب وزیرِ اقتصادی امور عبداللطیف اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے کیا۔

دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ مملکت حنا ربانی کھر 1 روزہ دورۂ کابل کے دوران افغانستان جانے والے پاکستانی وفد کی قیادت کر رہی ہیں جو پاک افغان تعلقات سمیت اہم امور پر افغانستان سے مذاکرات کریں گی۔

وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر افغان حکام سے ملاقاتوں کے دوران تعلیم، تجارت، سرمایہ کاری، مواصلات اور عوامی رابطوں کے ساتھ ساتھ خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کریں گی۔

آج افغان دارالحکومت کابل میں وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے افغان وزیرِ خارجہ امیر متقی سے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک افغانستان تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور زیرِ غور آئے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ مملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر نے افغان وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران پاک افغان تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی ہے۔

Related Posts