بالی ووڈ کے معروف اداکار نواز الدین صدیقی کے خلاف ہندو انتہا پسند متحرک ہوگئے ہیں، شدت پسندوں کی تنظیم ہندوجن جاگرتی سمیتی نے شکایت درج کروادی۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ انتہا پسند تنظیم ہندو جن جاگرتی سمیتی نے الزام لگایا ہے کہ نواز الدین صدیقی نے ایک اشتہار میں پولیس افسر کے کردار میں بھارتی عوام کو پوکر کھیلنے کی ترغیب دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انتہا پسندوں نے الزام عائد کیا کہ نواز الدین صدیقی کے اقدام نے بھارتی ریاست مہاراشٹر کی پولیس کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ تنظیم کی جانب سے ممبئی پولیس کمشنر کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
کمشنر کے ساتھ ساتھ ڈی جی پولیس مہاراشٹر کو لکھے گئے خط میں انتہا پسند تنظیم کا کہنا ہے کہ نواز الدین صدیقی اور کیش پوکر کے مالک انکور سنگھ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ اشتہار بھارتی پولیس کی تضحیک کا باعث ہے۔
اپنے خط میں انتہا پسند تنظیم نے دیگر الزامات بھی عائد کیے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ نواز الدین صدیقی نے اشتہار میں کام کرکے بھارت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے عزتی کی، تاہم نواز الدین صدیقی نے تاحال الزامات کا کوئی جواب نہیں دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








