بھارتی انتہا پسند راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نونرمان سینا نے کہا ہے کہ فواد خان اور ماہرہ خان کی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کو بھارت میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
اس حوالے سے بھارتی سیاستدان اور پروڈیوسر امیہ کھوپکر نے بھی اعلان کیا ہے کہ پاکستانی فلموں کو ملک میں ریلیز نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی فلموں کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی ان کے فنکاروں کو بھارتی فلموں میں کام کرنے دیں گے۔
امیہ کھوپکر کا کہنا ہے کہ یہ سب سے زیادہ اشتعال انگیز ہے کہ ایک ہندوستانی کمپنی اس منصوبے کی قیادت کر رہی ہے۔ راج ٹھاکرے کے حکم کے بعد ہم اس فلم کو ہندوستان میں کہیں بھی ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے باوجود شائقین فلم کی ریلیز کے حوالے سے پرجوش ہیں۔
بدھ کے روزبھارت میں فلم کی ریلیز کی تاریخ کی تصدیق ہو ئی تھی۔ بلال لاشاری نے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ بھارتی پنجاب میں بدھ 2 اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ فلم کی ریلیز کو دو سال گزر چکے ہیں اور اب بھی پاکستان میں ویک اینڈ پر ہاؤس فل ہے۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ سیاسی کشیدگی اور بدلتے ہوئے سفارتی تعلقات کے باوجودپاکستان اور بھارت کے فنکاروں کی ملکر کام کرنے کی تاریخ رہی ہے۔
فواد خان، ماہرہ خان، سارہ لورین اور دیگر مشہور اداکاروں نے ہندوستانی سنیما میں کام کیا ہے، جنہیں ان کے فن کے لیے خاصی پذیرائی ملی ہے۔ اسی طرح نصیر الدین شاہ اور اوم پوری جیسے بھارتی اداکار پاکستانی فلموں میں کام کرچکے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








