گورنر آفس کیلیفورنیا نے اعلان کیا ہے کہ اگر کورونا وائرس کی صورتحال نے اجازت دی تو ہالی ووڈ اسٹوڈیوز میں 12 جون سے فلمسازی، ٹی وی ڈراموں اور گانوں کا کام دوبارہ شروع کیا جاسکے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر آفس کیلیفورنیا سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر حالات نے اجازت دی تو ہالی ووڈ اسٹوڈیوز 12 جون سے کام شروع کرسکیں گے ، تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں کہ ہالی ووڈ کے بڑے بڑے اسٹوڈیوز کو بھی کام کی اجازت دی جائے گی یا نہیں کیونکہ لاس اینجلس کاؤنٹی میں ریاست کے تقریباً نصف کورونا کیسز رجسٹر کیے گئے ہیں۔
کورونا وائرس نے ہالی ووڈ سمیت دنیا بھر کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو شدید متاثر کیا ہے جبکہ امریکی حکومت کے ملک گیر لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد ہالی ووڈ فلم انڈسٹری میں کام بند پڑا ہے جس کے باعث متعدد فلمیں تعطل اور تاخیر کا شکار ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث 3 لاکھ 98 ہزار سے زائد لوگ ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دنیا بھر کے 190 سے زائد ممالک میں وائرس مسلسل پھیل رہا ہے۔