معزز افسران بے نقاب؛ 22گریڈ کے افسران بینظیر انکم پروگرام سے امداد وصول کرنے میں ملوث

تازہ ترین

تازہ ترین

BISP launches nationwide awareness drive
(فوٹو؛ فائل)

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے تحت سرکاری افسران کی جانب سے امداد حاصل کرنے کے حیران کن واقعات سامنے آئے ہیں۔ پبلک اکاؤنٹ کمیٹی میں انکشاف ہوا ہے کہ گریڈ 19 سے 22 تک کے سینکڑوں سرکاری ملازمین نے اس پروگرام سے مالی فوائد حاصل کیے جو کہ غریب عوام کے لیے مختص ہے۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر معین عامر پیرزادہ زیر صدارت ہوا جس میں تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

سیکریٹری بی آئی ایس پی کے مطابق امداد حاصل کرنے والوں میں گریڈ 20 کے 85 اور گریڈ 19 کے 630 افسران شامل ہیں جبکہ گریڈ 22 کے افسران کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان افراد کو مستحقین کی امداد لینا زیب نہیں دیتا۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ بعض سرکاری ملازمین کی بیویاں، پنشنرز اور اہل خانہ بھی بی آئی ایس پی سے امداد حاصل کرتے رہے ہیں جبکہ کچھ فوت شدہ افراد کے نام پر بھی رقوم جاری ہوئیں۔

کمیٹی نے ان تمام کیسز کی تصدیق اور رقوم کی واپسی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ آڈٹ حکام کے مطابق، سرکاری ملازمین بی آئی ایس پی کے مستحق نہیں ہوتے۔

ایف آئی اے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اب تک 879 ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں جبکہ 292 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور چالان عدالتوں میں جمع کرائے جا چکے ہیں۔ کمیتی نے سفارش کی ہے کہ گریڈ 16 سے اوپر کے افسران کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے۔

Related Posts