پنجاب کے شہر لودھراں کے قریب آدم واہن اسٹیشن کے علاقے میں تیزگام ایکسپریس کی چار بوگیاں الٹ گئیں، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 8 ڈاؤن تیزگام ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی کہ راستے میں حادثے کا شکار ہو گئی۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔
حادثہ کیسے پیش آیا؟
بتایا جاتا ہے کہ حادثہ ڈبوں کو جوڑنے والا ہک ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، جس سے ٹرین دو حصوں میں تقسیم ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق ہک اچانک ٹوٹا جس کے نتیجے میں انجن کے ساتھ جڑے سات ڈبے آگے کی جانب نکل گئے، جبکہ پیچھے موجود بوگیاں پٹری سے اتر کر الٹ گئیں۔
حادثے کے بعد مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور ہر طرف چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دینے لگیں۔ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی مسافروں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق تمام ڈاکٹرز کو طلب کر لیا گیا ہے تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین ابھی نہیں ہو سکا اور اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








