ٹی وی چینل کے سفاک کیمرا مین نے بیوی کو کیسے اور کیوں بے دردی سے ذبح کیا؟ لرزہ خیز داستان

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

کراچی کے علاقے سولجر بازار میں بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم نجی ٹی وی چینل میں بطور کیمرہ مین ملازمت کرتا تھا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نے ملزم سے پسند کی شادی کی تھی، بیوی کو قتل کرنے کے بعد سفاک ملزم معمول کے مطابق ملازمت پر چلا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ ایک بیٹی کی ماں تھی، شوہر کے ساتھ کافی عرصے سے جھگڑے چل رہے تھے۔

واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق 37 سالہ کلثوم کو سولجربازار تھانے کی حدود فلیٹ نمبر ایک میں قتل کیا گیا تھا۔ سولجر بازار انویسٹی گیشن پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم قمر عابدی کو گرفتار کر کے آلہ قتل ( چھری ) برآمد کر لی۔

 ایس ایچ او سولجر بازا انسپکٹر زاہد کمبو نے بتایا کہ ملزم قمر عابدی نجی ٹی وی چینل میں بطور کیمرا مین ملازم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انویسٹی گیشن پولیس کو جائے وقوع سے جو فنگر پرنٹ اور دیگر شواہد ملے تھے ان کی روشنی میں ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو ملزم نے اپنا جرم قبول کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سفاک ملزم نے واردات کے لیے منصوبہ بندی کی تھی اور اُس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب واردات سے قبل اپنے کمسن بیٹی اور اہلیہ کو نیند کی دوا کھلائی تھی، بیٹی اور اہلیہ کے سونے کے بعد سفاک ملزم نے اہلیہ کے جسم کے مختلف حصوں پر تیز دھار آلے کے وار کر کے ذبح کر دیا تھا۔

ملزم واردات کے بعد ہفتے کی صبح ڈیوٹی پر چلا گیا تھا، ملزم کا معمول تھا کہ روزانہ ڈیوٹی پر جاتے ہوئے بیٹی اور بیوی کو گھر میں بند کر کے باہر سے دروازے کو تالا لگاتا تھا تاہم واردات کے بعد ملزم نے جاتے ہوئے گھر کا دروازہ بند نہیں کیا۔

 مقتولہ کی بیٹی صبح دیر سے جب نیند سے بیدار ہوئی تو اس نے ماں کی خون میں لت پت لاش دیکھ کر چیخ و پکار شروع کی۔ بچی کی چیخ و پکار سن کر پڑوسی موقع پر پہنچ گئے اور واقعے کی اطلاع پولیس کو دی۔

مقتولہ کے بھائی عاصم احمد کا کہنا ہے کہ ملزم اور مقتولہ نے 15 سال قبل محبت کی شادی کی تھی، ملزم کو گزشتہ کئی سالوں سے اپنی اہلیہ پر شک تھا کہ اس کے کسی کے ساتھ تعلققات ہیں، ایک سال سے  میری بہن کو شوہر تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔

مدعی کا کہنا تھا کہ ان کی بہن کلثوم نے انہیں بتایا تھا کہ اس کا شوہر گھر کا خرچہ نہیں اٹھاتا اور نشہ بھی کرتا تھا، گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کلثوم کپڑوں کی سلائی کرتی تھی، جو پیسے آتے تھے وہ بھی ملزم لے لیتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے اپنی بہن کو اپنے گھر روک لیا تھا، والدہ سے کہا تھا اسے واپس نہ جانے دیں، دو ماہ تک بہن ہمارے گھر میں رہی تھی، دو تین ماہ پہلے شوہر کلثوم کو واپس لے گیا تھا، بہن کے قتل کی اطلاع بھی سفاک ملزم نے ہی فون پر مجھے دی تھی جس پر میں نے اپنے بہنوئی سے کہا کہ آخر تم نے میری بہن کو قتل کر دیا۔

Related Posts