بھارت کے شہر مرادآباد سے ایک انتہائی افسوسناک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں زچگی کے بعد نفسیاتی دباؤ کا شکار ایک خاتون نے اپنی نومولود بچی کو لاشعوری طور پر فریج میں رکھ دیا تاہم خوش قسمتی سے بروقت کارروائی سے بچی کی جان بچا لی گئی۔
یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا جب مذکورہ خاتون نے اپنی نوزائیدہ بچی کو سلانے کے بعد فریج میں رکھ دیا اور خود سو گئی۔ کچھ وقت بعد جب بچی کے ہچکیاں لینے اور مدھم رونے کی آوازیں سنائی دیں تو اہل خانہ نے بچی کو تلاش کرنا شروع کیا، مگر وہ کہیں نہ ملی۔
آخرکار جب گھر کا فریج کھولا گیا تو سب حیران رہ گئے کہ بچی اندر موجود تھی اور بے ہوش ہو چکی تھی۔ فوری طور پر اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بروقت طبی امداد فراہم کر کے اس کی جان بچا لی۔ اب بچی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اور طبی عملے کے مطابق خاتون زچگی کے بعد شدید ذہنی دباؤ اور پوسٹ پارٹم سائیکوسز جیسے نفسیاتی عارضے میں مبتلا ہے جس کے باعث وہ یہ ہولناک حرکت لاشعوری طور پر کر بیٹھی۔ متاثرہ خاتون کو اب ذہنی علاج کے لیے اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہی بات سامنے آئی ہے کہ یہ واقعہ ذہنی بیماری کے باعث پیش آیا اور اس میں کسی مجرمانہ نیت کے شواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں اور پولیس نے متاثرہ خاندان کو زچگی کے بعد خواتین کی ذہنی صحت کے بارے میں آگاہی دی ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








