ہیمیش ریشمیا نے 2014 کی فلم “The Xposé” کے لیے اپنے کردار کی خاطر حیرت انگیز جسمانی تبدیلی کرتے ہوئے 20 کلو وزن کم کیا۔
تفریحی اور لائف اسٹائل ویب سائٹ پنک ولا کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ گلوکار کا یہ زبردست وزن کم کرنے کا عمل ایک سخت اور منظم ڈائٹ اور ورزش کے شیڈول کے ذریعے ممکن ہوا، جس کی نگرانی ان کی موجودہ اہلیہ سونیا کپور نے کی۔
رپورٹ کے مطابق ہیمیش کا وزن کم کرنے کا راز ان کی نامیاتی غذا، وقفے وقفے سے روزہ رکھنے (Intermittent Fasting) اور نظم و ضبط پر مبنی ورزش تھی، جس میں ویٹ ٹریننگ اور پائلیٹس شامل تھیں۔
ان کا مکمل فوکس صاف، صحت مند اور قدرتی غذا پر تھا، جس میں پروسیسڈ فوڈز بالکل شامل نہیں تھے۔
انہوں نے میٹھی چیزوں، آئس کریم اور سویٹس کو مکمل طور پر ترک کردیا۔
ہیمیش نے انٹرمیٹنٹ فاسٹنگ پر عمل کرتے ہوئے رات 8:30 بجے سے صبح 8:30 بجے تک کچھ نہیں کھایا۔
انہوں نے کاربوہائیڈریٹس صرف دن 3 بجے تک کھانے کی اجازت رکھی اور رات کے کھانے میں صرف پروٹین پر توجہ دی۔
میٹابولزم کو فعال رکھنے کے لیے وہ دن میں 8 سے 10 مرتبہ چھوٹے چھوٹے کھانے کھاتے تھے۔
اس کے علاوہ وہ گرین ٹی اور بلیک کافی زیادہ پیتے تھے، مگر کافی کی مقدار کو مجموعی طور پر کم کر دیا تھا۔
ورزش کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ان کا روٹین پانچ دن ویٹ ٹریننگ اور ایک دن کارڈیو پر مشتمل تھا۔
ہر سیشن 45 منٹ طویل ہوتا تھا اور ان کا مقصد پٹھوں کی مضبوطی کے ساتھ چربی گھٹانا تھا۔
ہیمیش نے اس دوران سگریٹ نوشی بھی ترک کر دی، جس سے ان کی طاقت اور برداشت میں نمایاں اضافہ ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








