پاک فضائیہ نے کیسے بھارتی ایئر فورس کو تگنی کا ناچ نچایا؟ معرکہ حق کی نئی تفصیلات سامنے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان ایئر فورس کے ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (پروجیکٹس) ایئر وائس مارشل طارق غازی نے کہا ہے کہ معرکہ حق کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے خلاف 8-0 کی برتری حاصل کی اور مئی گزشتہ سال ہونے والی جھڑپ میں کم از کم آٹھ بھارتی طیارے مار گرائے گئے۔

یہ تفصیلات انہوں نے اس آپریشن کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ پریس بریفنگ میں بیان کیں۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان بھی موجود تھے۔

پریس بریفنگ کے مطابق بھارت نے 6 اور 7 مئی کو پہلگام (بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر) میں سیاحوں پر حملے کے بعد پاکستان پر بلا اشتعال کارروائی کی تھی۔

غازی کے مطابق یہ کشیدگی مجموعی طور پر 87 گھنٹے تک جاری رہی جس دوران پاکستان نے جوابی کارروائی میں آٹھ بھارتی جنگی طیارے گرائے جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل جیٹ بھی شامل تھے جبکہ متعدد ڈرونز بھی مار گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنازع 10 مئی کو امریکہ کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد ختم ہوا۔

بریفنگ کے دوران ایئر وائس مارشل طارق غازی نے کہا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد اس آپریشن کی یاد تازہ کرنا اور مخالف فریق کے بدلتے ہوئے بیانات کی نشاندہی کرنا ہے کیونکہ وہ اب بھی اس صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آپریشنل حکمت عملی کی تیاری کی نگرانی کی اور بعد ازاں اس کے عملی نفاذ کی بھی براہ راست نگرانی کی۔

غازی کے مطابق اس دوران پاک فضائیہ نے فوری طور پر دفاعی اور سخت آپریشنل پوزیشن اختیار کی اور ہر ممکن خطرے کے مقابلے کے لیے مکمل الرٹ نظام نافذ کیا گیا جس میں دشمن کے مواصلاتی نظام کی نگرانی بھی شامل تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل فضائی گشت، فوری ردعمل (اسکریبل) اور ہر وقت نگرانی کا نظام فعال رکھا تاکہ کسی بھی ممکنہ جارحیت کو ناکام بنایا جا سکے۔

ان کے مطابق اس آپریشن کے دوران پاک فضائیہ نے پہلی بار مختلف شعبوں (ملٹی ڈومین) کی صلاحیتوں کو ایک ساتھ مربوط کر کے استعمال کیا جو ایک نئی عملی حکمت عملی تھی۔

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بھارتی افواج کی جانب سے اہم عسکری اثاثوں اور حملہ آور ہتھیاروں کی تعیناتی سمیت خفیہ نقل و حرکت بھی دیکھی گئی جن پر پاک فضائیہ مسلسل نظر رکھتی رہی۔

طیاروں کی تفصیل دیتے ہوئے طارق غازی نے کہا کہ پاکستان نے مجموعی طور پر آٹھ بھارتی طیارے مار گرائے جن میں چار رافیل، ایک ایس یو-30، ایک مگ-29، ایک میراج-2000 اور ایک جدید ملٹی رول بغیر پائلٹ فضائی نظام شامل تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران کئی دیگر بھارتی طیارے بھی شدید نقصان کا شکار ہوئے جو بعد میں مرمت کے قابل نہیں رہے۔

Related Posts