عید ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب پوری فیملی ساتھ بیٹھ کر وقت گزارنا پسند کرتی ہے، خاص طور پر عیدالاضحیٰ پر دوستوں اور فیملی میں تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے جہاں پر لذیذ کھانے بنائے جاتے ہیں، جن سے سب لطف اندوز ہوتے ہیں۔
ایسے موقعوں پر جب سب اکٹھے ہوتے ہیں تو کسی ٹیلی فلم یا فلم کو دیکھنا پسند کرتے ہیں جس سے عید کے مزے کو اور دوبالا کیا جاسکے۔ اس عیدالاضحیٰ پر پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی جانب سے کچھ تفریحی اور دلچسپ ٹیلی فلمیں پیش کی جارہی ہیں، جن کو آپ اپنی فہرست میں شامل کرسکتے ہیں۔
آج ہم نے سات ایسی ٹیلی فلموں کی فہرست تیار کی ہے جنہیں آپ اپنے گھروالوں کے ساتھ بیٹھ کر دیکھ سکتے ہیں۔
تیرے پیار میں
یہ ٹیلی فلم جیو پر نشر کی جائے گی جو کہ رومانوی کامیڈی فلم ہے، اِس میں سونیا حسین اور زاہد احمد مرکزی کردار ادا کرررہے ہیں۔
ٹیلی فلم کی پروڈکشن ٹی این آئی پروڈکشن نے کی ہے، اِس کے مصنف مصباح علی سید ہیں جبکہ ٹیلی فلم کی ہدایات کاری محمد افتخار عفی نے دی ہیں۔ ٹیلی فلم کی کاسٹ میں ماہم عامر، فریحہ جبین، راشد فاروقی، ثمینہ احمد بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ جیو کی جانب سے اب تک ٹیلی فلم کا صرف ایک ہی ٹیزر ریلیز کیا گیا ہے۔
ایک انار دو بیمار
ایک انار دو بیمار اے آر وائے ڈیجیٹل کی ٹیلی فلم ہے جسے ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے تحریر کیا ہے اور ہدایت کاری علی مسعود سید نے کی ہے۔ ٹیلی فلم کی کاسٹ میں حرا مانی، منیب بٹ، نور حسن، شبیر جان اور سیمی پاشا شامل ہیں۔ یہ ایک رومانوی کامیڈی ٹیلی فلم ہے۔
بھوت بکرا
یہ ٹیلی فلم بھی اے آر وائے ڈیجیٹل پر پیش کی جائے گی، جس کو علی عباس نقوی اور باسط نقوی نے لکھا ہے۔ ٹیلی فلم کی ہدایات کاری بلال عاطف نے دی ہے۔ ٹیلی فلم بگ بینگ انٹرٹینمنٹ کی پروڈکشن ہے، اِس کی کاسٹ میں نیلم منیر، سید جبران، گل رانا اور محمد احمد شامل ہیں۔
فُل فرائی
ٹیلی فلم فُل فرائی اے آر وائے ڈیجیٹل پر نشر ہوگی، جس کی ہدایت کاری صبا حامد اور تحریر ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے لکھی ہے۔ ٹیلی فلم کی کاسٹ میں محب مرزا، مدیحہ امام، علی سفینہ، عروسہ صدیقی، عائشہ طور اور روبیہ چوہدری شامل ہیں۔
چاند سی دلہن
چاند سی دلہن ایک ٹیلی فلم ہے، اسے بھی اے آر وائے ڈیجیٹل پر پیش کیا جائے گا جسے صبا حسن نے لکھا ہے اور ہدایت کاری فرقان ٹی صدیقی نے کی ہے۔ ٹیلی فلم کی کاسٹ میں ثمینہ احمد، صائمہ قریشی، سنبل اقبال اور جنید خان شامل ہیں۔
چل دِل میرے
ٹیلی فلم چل دِل میرے ہم ٹی وی پر پیش کی جائے گی، جس کی پروڈکشن مومل انٹرٹینمنٹ پروڈکشن نے کی ہے، فلم کی کہانی رومانوی کامیڈی ہے، اس کی کاسٹ میں حریم فاروق، سیمی پاشا، فضیلہ قاضی، بہروز سبزواری اور منیب بٹ شامل ہیں۔
گھپلا
گھپلا ہم ٹیلی ویژن نیٹ ورک کی ایک اور مزاحیہ ٹیلی فلم ہے۔ کاسٹ میں حنا دلپذیر، سیفی حسن، شمعون عباسی، اسد ممتاز خان، سمعیہ بخش اور میرا سیٹھی شامل ہیں۔ اسے مومنہ دورید پروڈکشن کے بینر تلے فصیح باری خان نے لکھا ہے۔