بالی ووڈ کی دبنگ گرل سوناکشی سنہا نے اپنی شادی کی مختلف تقریبات کے موقع پر مہنگے ملبوسات زیب تن کرنے کی روایت کو بھی توڑ دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ شب اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کا استقبالیہ شاندار انداز میں منعقد کیا گیا، تاہم اس خاص دن کو منانے کے لیے انہوں نے نہ ہی ڈیسٹینیشن ویڈنگ کا اہتمام کیا اور نہ ہی کسی مہنگے ہوٹل کا انتخاب کیا۔
اس کے برعکس انہوں نے ممبئی میں قائم ساتھی اداکارہ شلپا شیٹی کے ریستوران “بستیاں” کا انتخاب کیا، جہاں انہوں نے تقریباً ایک ہزار لوگوں کو عشائیہ دیا۔
اسی طرح اداکارہ نے استقبالیہ کے پُر مسرت اور یاد گار موقع پر مہنگے ترین ملبوسات کے برعکس ڈیزائنر سنجے گرج کی تیار کردہ خوبصورت سرخ بنارسی ساڑھی زیب تن کی۔
ان کی اس سرخ ساڑھی پر چاند بوٹا اور زری کا کام کیا گیا ہے، اس کے ساتھ اداکارہ نے میچنگ بلاؤز کا انتخاب کیا، جبکہ انہوں نے اس کے ساتھ زمرد اور کندن جڑے زیورات پہنے جو ان کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی عروسی ساڑھی کی قیمت سامنے آگئی ہے، جو آن لائن بھی دستیاب ہے۔
سوناکشی سنہا کی زیب تن کی ہوئی مذکورہ سرخ بنارسی ساڑھی کی قیمت میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 79 ہزار 8 سو بھارتی روپے ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








