وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں بیواؤں اور یتیم بچوں کی مالی مدد کے لیے رحمت کارڈ اسکیم شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق اس اسکیم کے تحت مستحق بیواؤں کو ایک لاکھ روپے جبکہ یتیم بچوں کو 25 ہزار روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ ابتدائی مرحلے میں اس پروگرام سے 50 ہزار سے زائد خاندانوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
رحمت کارڈ اسکیم کے لیے درخواستیں موبائل ایپ، ویب پورٹل، کال سینٹر یا زکٰوۃ و عشر کے دفاتر کے ذریعے جمع کروائی جا سکیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی تصدیق کے بعد امدادی رقم شفاف طریقے سے مستحق افراد تک پہنچائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے اور حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ امداد واقعی مستحق افراد تک پہنچے۔ اس اسکیم کا مقصد ضرورت مند خاندانوں کو سہارا دینا اور خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








