کراچی میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں کو متأثر کرے گا، منگل سے بدھ کے درمیان مغربی ہواؤں کا سسٹم اثر انداز ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 30 دسمبر کو موسم سرما کی پہلی بارش کا امکان ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران دن میں موسم خشک، رات میں خنک رہے گا۔
گزشتہ روز بھی موسم سرد رہا جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری تک رہنےکا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے اور شمال مشرق سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی 14، اڑنگ کیل میں منفی 7، گلگت اور چترال میں منفی 4، کوئٹہ منفی 3، اسلام آباد اور لاہور میں 7 ڈگری جبکہ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








