ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کی وزارتِ افرادی وسائل و امارات کاری نے بیرونِ ملک سے روزگار حاصل کرنے والے افراد کو خبردار کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں جعلی ملازمتوں اور ویزا فراڈ کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔
وزارت کے مطابق متعدد جعلساز خود کو معروف کمپنیوں یا ریکروٹمنٹ ایجنسیوں کے نمائندے ظاہر کر کے درخواست دہندگان سے ملازمت کے نام پر ویزا یا انٹری فیس کی مد میں رقم وصول کر رہے ہیں۔
وزارت نے واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات میں حقیقی ملازمت کی پیشکش صرف وزارتِ افرادی وسائل و امارات کاری کے ذریعے ہی جاری کی جاتی ہے اور اس کے ساتھ سرکاری ورک انٹری پرمٹ لازمی طور پر فراہم کیا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگر کوئی شخص آپ کو متحدہ عرب امارات میں نوکری کی پیشکش کرتا ہے تو یقینی بنائیں کہ وہ پیشکش موہری کے ذریعے ہو۔
کام شروع کرنے سے پہلے سرکاری انٹری پرمٹ کا ملنا ضروری ہے۔ وزٹ یا ٹورسٹ ویزے پر کام کرنا غیر قانونی ہے اور اس پر جرمانے یا قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔
وزارت نے شہریوں اور غیر ملکی امیدواروں کے لیے فراڈ سے بچنے کے چند اہم اصول بھی جاری کیے ہیں ۔ملازمت کی پیشکش موہری کے تصدیق شدہ فارم پر ہونی چاہیے اور متعلقہ کمپنی کے دستخط لازمی ہوں۔
امیدوار موہری کی ویب سائٹ پر جا کر اپیلی کیشن اسٹیٹس انکوائری کے ذریعے پیشکش نمبر کی تصدیق کر سکتے ہیں۔ملازمت کی منظوری کے بعد کمپنی ہی الیکٹرانک ورک انٹری پرمٹ جاری کرنے کی پابند ہے، تاکہ امیدوار قانونی طور پر یو اے ای میں داخل ہو سکے۔
کسی بھی صورت میں وزٹ یا سیاحتی ویزے پر کام کرنا قانوناً جرم ہے۔
متحدہ عرب امارات کے قانون کے مطابق بھرتی کے تمام اخراجات آجر (کمپنی) برداشت کرے گی، امیدوار سے کوئی فیس وصول نہیں کی جا سکتی۔
کمپنی کی ساکھ کی تصدیق کے لیے “نیشنل اکنامک رجسٹر” پر رجسٹریشن چیک کرنا ضروری ہے۔
ویزا کی اصلیت جانچنے کے لیے دبئی کے ویزوں کے لیے جی ڈی آر ایف اے ویب سائٹ جبکہ دیگر امارات کے لیے آئی سی پی ای چینلز پلیٹ فارم استعمال کیا جا سکتا ہے۔
غیر لائسنس یافتہ ایجنٹوں یا درمیانی افراد سے رابطہ نہ کریں۔ سیاحتی انٹری پرمٹ صرف منظور شدہ ایئرلائنز (ایمرٹس، اتحاد، فلائی دبئی، ایئر عربیہ)، ہوٹلوں یا رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے ہی جاری کیے جاتے ہیں۔
کسی بھی ادائیگی سے قبل سرکاری فیس کی تصدیق کریں اور شکایت یا مدد کے لیے دبئی میں “امیر لائیو چیٹ” یا دیگر امارات میں “آئی سی پی ای چینلز” سے رابطہ کریں۔
وزارت نے ایک بار پھر وضاحت کی کہ ریذیڈنسی ویزے ملک سے باہر پراسیس نہیں کیے جا سکتے، امیدوار کو قانونی ورک انٹری پرمٹ کے ذریعے ہی امارات میں داخل ہونا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








