ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے، تاہم ماہرینِ صحت نے عوام کو دعوتوں اور گوشت کے استعمال میں اعتدال اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ماہرین کے مطابق عید کے موقع پر چٹ پٹے اور گوشت سے بھرپور پکوانوں کا زیادہ استعمال گرمی کے موسم میں بدہضمی اور پیٹ کے امراض کا باعث بن سکتا ہے۔ خاص طور پر اگر گوشت مناسب طریقے سے پکا ہوا نہ ہو تو گیسٹرو اور آنتوں کے مسائل میں اضافہ دیکھا جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ عید الاضحیٰ کے فوراً بعد گیسٹرو کے کیسز میں اضافہ عام طور پر رپورٹ ہوتا ہے، جس کی بڑی وجہ غیر متوازن غذا اور احتیاط کا فقدان ہوتا ہے۔
ماہرینِ صحت نے دل، ذیابیطس اور دیگر دائمی امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے افراد گوشت اور چکنائی والے کھانوں کے استعمال میں حد سے زیادہ احتیاط کریں۔
ماہرین نے ہاضمے کو بہتر رکھنے کے لیے پھلوں، ادرک اور گڑ کے استعمال کو مفید قرار دیا ہے، جبکہ پانی کا مناسب استعمال بھی ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ جسم میں پانی کی کمی اور گرمی کے اثرات سے بچا جا سکے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا اور احتیاطی تدابیر اپنانے سے عید کی خوشیاں صحت کے ساتھ بہتر انداز میں منائی جا سکتی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








