کلاؤڈ برسٹ (Cloud Burst) ایک انتہائی شدید اور اچانک ہونے والی بارش ہے اور فوری طور پر سیلابی ریلے، لینڈ سلائیڈنگ اور تباہی کا باعث بنتی ہے۔
کلاؤڈ برسٹ عموما پہاڑی علاقوں میں ہوتا ہے، تاہم یہ ضروری نہیں کہ کلاؤڈ برسٹ صرف پہاڑی علاقوں میں ہی ہو، ماہرین کے مطابق میدانی اور شہری علاقوں میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے میدانی علاقوں میں بھی کلاؤڈ برسٹ کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق زلزلوں کی طرح کلاؤڈ برسٹ کو روکنا ممکن نہیں اور جس طرح زلزلوں کی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی، ایسے ہی کلاؤڈ برسٹ کے بارے میں بھی پیشگی طور پر مکمل صحیح اطلاع نہیں دی جا سکتی۔
تاہم خدا نخواستہ کہیں کلاوڈ برسٹ کا واقعہ پیش آئے تو اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مختلف حفاظتی تدابیر اختیار کی جا سکتی ہیں، جو درج ذیل ہیں:
پہاڑی علاقوں میں احتیاط
پہاڑی علاقے میں کلاؤڈ برسٹ کا واقعہ پیش آئے تو ندی نالوں اور کھڈوں سے فوراً دور ہو جائیں کیونکہ کلاؤڈ برسٹ میں سب سے خطرناک چیز اچانک آنے والا ریلا ہوتا ہے۔
اونچی جگہ کا انتخاب کریں، پہاڑ کے دامن یا وادی کے بجائے کسی نسبتاً اونچی جگہ پر چلے جائیں۔
لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے ڈھلوانوں سے دور رہیں، کیونکہ پہاڑ کی ڈھلوان پر کھڑے درخت یا پتھریلے حصے گر سکتے ہیں۔
پلوں کے قریب پناہ نہ لیں، اچانک پانی کے دباؤ سے پل ٹوٹ بھی سکتا ہے یا اس کے نیچے پھنسنے کا خطرہ رہتا ہے۔
چھوٹی پگڈنڈیوں یا پہاڑی راستوں پر رکنے کے بجائے کھلے میدان کی طرف نکلیں۔
میدانی علاقوں میں احتیاط
میدانی علاقے میں ایسی صورتحال پیدا ہوجائے تو نالوں اور برساتی دریا کے قریب نہ رہیں کیونکہ وہاں پانی اچانک بھر سکتا ہے۔
بجلی کے کھمبوں، درختوں اور کمزور دیواروں سے فوری دور ہو جائیں، طوفانی بارش میں کرنٹ لگنے یا دیوار گرنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔
چھتوں پر پناہ لیں، اگر آپ کے علاقے میں پانی بھر جائے تو اونچی عمارت یا چھت پر چلے جائیں۔
گاڑی یا موٹر سائیکل استعمال کرنے سے پرہیز کریں، پانی میں گاڑی آسانی سے بہہ جاتی ہے۔ پیدل چلتے وقت بھی گہرے پانی سے گزرنے سے گریز کریں۔
ایمرجنسی کٹ یعنی پانی، خشک راشن، ٹارچ، پاور بینک اور فرسٹ ایڈ ہمیشہ تیار رکھیں۔
دونوں جگہ مشترکہ احتیاط
موبائل فون چارج رکھیں اور بیٹری بچانے کے لیے غیر ضروری استعمال بند کر دیں۔
خاندان کے افراد کے لیے پہلے سے ایک محفوظ مقام طے کریں تاکہ سب وہاں جمع ہو سکیں۔
ریسکیو سروس یا مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
گھبراہٹ سے گریز کریں کیونکہ زیادہ تر حادثات اسی وقت ہوتے ہیں جب لوگ بدحواسی میں غلط راستہ اختیار کر لیتے ہیں۔
یاد رکھیں کلاؤڈ برسٹ کے دوران سب سے اہم اصول یہ ہے کہ اونچی جگہ کی طرف جائیں اور پانی کے بہاؤ سے دور رہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








