سمندری طوفان بپر جوائے کیٹی بندر کے قریب پہنچ گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: سمندری طوفان بپر جوائے چند گھنٹوں میں کیٹی بندر سے ٹکرائے گا۔

سمندری طوفان بپر جوائے کیٹی بندر کی جانب رواں دواں ہے اور چند گھنٹوں میں کیٹی بندر سے ٹکرائے گا تاہم اس وقت پاکستان کے ساحلی حدود میں داخل ہوچکا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان بپرجوائے کے متعلق نیا الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ طوفان کیٹی بندرسے125 کلومیٹر کے فاصلے پرموجود ہے۔ کراچی سے 255، ٹھٹھہ سے 165 کلو میٹر دور ہے۔

سمندری طوفان کا ابتدائی حصہ سوراشترا اور کچھ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد اس کا رخ کیٹی بندر کی جانب ہے۔ سمندری طوفان کیٹی بندر سے ٹکرانے کی صورت میں کھارو چان، شاہ بندر، جاتی، بدین سمیت ملحقہ علاقے زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

سمندری طوفان کے اثرات، کراچی ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر

سمندری طوفان ٹکرانے سے قبل ٹھٹہ کے ساحلی علاقوں میں طوفانی ہوائيں چل رہی ہیں اور ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں سے 78 ہزار سے زائد لوگوں کو منتقل کیا جاچکا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے کیٹی بندر اور بدین میں زیرو پوائنٹ مکمل خالی کرا لیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے کا خطرہ کراچی کے ساحل سے ٹکرانے کا تو ٹل گیا۔ لیکن اس کے اثرات تاحال ساحل سمندر میں طغیانی کی صورت میں دکھائی دے رہے ہیں۔ سمندر میں طغیانی اوراونچی لہریں موجود ، پانی کنارے سے دور چلاگیا۔ شہر میں آج کہیں پر ہلکی اورتیز بارش کا بھی امکان ہے۔

Related Posts