کراچی میں ایک انتہائی افسوسناک اور انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوبیاہتا دلہن کو اس کے شوہر نے نشے کی حالت میں بے رحمی سے درندگی کا نشانہ بنایا۔
20 سالہ شانتی نامی خاتون اس وقت کراچی کے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر کے آئی سی یو3 میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہے اور وینٹیلیٹر پر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
واقعہ 17 جون کو پیش آیا جب 20 سالہ شانتی کے شوہر اشوک نے شادی کے صرف دو دن بعد اپنی بیوی پر وحشیانہ تشدد کیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم اشوک کو گرفتار کرلیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق شانتی کے جسم پر بے شمار دانتوں کے نشانات ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ اسے سفاکیت کے ساتھ چبایا گیا ہے۔
خاتون کے اندرونی اعضا بری طرح متاثر ہوئے ہیں، یہاں تک کہ زخم بڑی آنت تک پہنچ چکے ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ متاثرہ خاتون کو پہلے لیاری جنرل اسپتال پھر ایک نجی اسپتال اور بعد ازاں شدید حالت میں سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
شانتی کی والدہ سونا کے مطابق ان کی بیٹی کی شادی 15 جون کو ہوئی تھی اور محض دو دن بعد ہی 17 جون کو اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
شانتی کے جسم سے بہت زیادہ خون بہہ چکا تھا، زخموں پر روئی ٹھونسی ہوئی تھی اور اسے مسلسل اسپتال در اسپتال منتقل کیا جاتا رہا۔
والدہ نے اپنی بیٹی کو انصاف دلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ میری بیٹی کو اگر کچھ ہوا، تو میرے داماد کو بھی زندہ رہنے کا کوئی حق نہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے ملزم اشوک کو حراست میں لے لیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ عوامی سطح پر اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








