انسانی حقوق کے علمبردار سینئر صحافی آئی اے رحمان انتقال کر گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

انسانی حقوق کے علمبردار سینئر صحافی آئی اے رحمان انتقال کر گئے
انسانی حقوق کے علمبردار سینئر صحافی آئی اے رحمان انتقال کر گئے

لاہور: انسانی حقوق کے علمبردار اور معروف سینئر صحافی آئی اے رحمان علالت کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے سابق سربراہ اور سینئر صحافی آئی اے رحمان کا انتقال شوگر اور بلڈ پریشر کے باعث ہوا۔ آئی اے رحمان کو 2017ء میں ہیومن رائٹس آئیکون ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

ملک کی مشہور و معروف شخصیات، صحافیوں اور سیاسی قائدین کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے بھی آئی اے رحمان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مطیع اللہ جان کا کہنا ہے کہ آئی اے رحمان اب نہیں رہے جو انسانی حقوق کی علمبرداری کا جیتا جاگتا عہد تھے۔ عاصمہ جہانگیر کے بعد آئی اے رحمان کا انتقال ملکی تاریخ میں انسانی حقوق کے سب سے بڑے علمبردار کا انتقال ہے۔ انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔

پیپلز پارٹی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا کہ آئی اے رحمان کے انتقال کی افسوسناک خبر سنی ہے جو نامور کالم نگار اور مصنف تھے۔ انہوں نے مصنفین اور انسانی حقوق کے علمبرداروں کی ایک نسل کو اپنی تحریروں سے متاثر کیا۔ 

آئی اے رحمان نے صحافت کے میدان میں حق اور سچ کا ساتھ دیا۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی اے رحمان نے صحافت کو اپنی زندگی کے 65 قیمتی سال دئیے اور ہمیشہ انسانی حقوق کا پرچم مضبوطی سے تھامے رکھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان معاشی سفارتکاری پر توجہ دے رہا ہے۔وزیرِ خارجہ

Related Posts