مشہور گلوکار علی نور نے انسٹا گرام اسٹوری کے ذریعے سے خاتون صحافی عائشہ کی جانب سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ جمعے کو صحافی عائشہ بنت راشد نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے سے علی نور پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگائے تھے ، جن پر علی نور نے ہفتے کے روز اپنی انسٹا اسٹوری کے ذریعے سے معافی مانگی تھی۔
مزید برآں گلوکار علی نور نے اپنی پچھلی معافی کو پس پشت میں ڈالتے ہوئے صحافی کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے سے واضح طور پر مسترد کردیا ہے ۔
اپنی انسٹا گرام پوسٹ پر #stopmocheryofmetoo کے ہیش ٹیگ کے ساتھ دو کہانیاں پوسٹ کرتے ہوئے، گلوکار نے لکھا کہ میں کوئی جنسی زیادتی کرنے والا نہیں ہوں۔
گلوکار نے کہا کہ میں اپنے خلاف جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے تمام الزامات کی تردید کرتا ہوں، میں نے خاتون کے ساتھ کبھی کچھ غلط نہیں کیا ہے۔ ایک اور انسٹا اسٹوری میں گلوکار کا کہنا تھا کہ میں جنسی زیادتی کرنے والوں میں شامل نہیں ہوں، جو مجھ سے پیار کرتے ہیں وہ جان لیں کے میں نے کوئی ایسی حرکت نہیں کی۔
واضح رہے کہ علی نور نے اپنی اسٹوری کے ذریعے سے یہ غلط فہمی دور کرنے کی بھی کوشش کی تھی کہ کوئی ایسا نہ سمجھے کہ یہ سب ان کے آنے والے سنگل گانے کی مشہوری کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خود پر لگائے گئے الزامات کو نہ صرف جھوٹا قرار دیا بلکہ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اس طرح کے الزامات لگا کر خواتین کو جلد ہمدردی مل جاتی ہے۔