پاکستان کے فیصلے پر آئی سی سی کا ردعمل آگیا، جانئے کیا کہا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

آئی سی سی مونوگرام
آئی سی سی مونوگرام

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب  سے  بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر آئی سی سی کا ردعمل آگیا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ  آئی سی سی نے حکومت پاکستان کی جانب سے دیے گئے اس بیان کا نوٹس لیا ہے جس میں پاکستان ٹیم کو  آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت کے حوالے سے ہدایت دی گئی ہے۔

 آئی سی سی کا کہنا ہے کہ وہ  پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے باضابطہ فیصلے سے آگاہ کرنے کا منتظر ہے، تاہم  یہ مؤقف ایک ایسے عالمی کھیلوں کے ایونٹ کے بنیادی تصور سے مطابقت نہیں رکھتا جہاں تمام کوالیفائی کرنے والی ٹیموں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ایونٹ کے طے شدہ شیڈول کے مطابق برابر کی بنیاد پر مقابلہ کریں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی کے ٹورنامنٹس کی بنیاد کھیل کی دیانت داری، مسابقت، تسلسل اور انصاف پر ہوتی ہے، اگرچہ آئی سی سی قومی پالیسی کے معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے تاہم یہ فیصلہ عالمی کرکٹ یا دنیا بھر کے شائقین بشمول پاکستان کے لاکھوں مداحوں کے مفاد میں نہیں ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ امید ہےکہ پی سی بی اس حوالے سے اپنے ملک میں ہونے والے اہم اور طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرےگا کیونکہ اس فیصلے کے عالمی کرکٹ نظام پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس کا پی سی بی خود بھی رکن اور مستفید ہونے  والا فریق ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف کوئی میچ نہیں کھیلے گا، فیصلہ ہوگیا

آئی سی سی کے مطابق اس کی اولین ترجیح آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا کامیاب انعقاد ہے اور یہ ذمہ داری پی سی بی سمیت اس کے تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔ آئی سی سی توقع کرتی ہےکہ پی سی بی تمام متعلقہ فریقین کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے باہمی طور پر قابل قبول حل تلاش کرےگا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔

آج وزیر اعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔

Related Posts