اسلامی ترقیاتی بینک اور پاکستان نے 603ملین ڈالرز مالیت کے 3 قرض معاہدوں پر دستخط کردئیے ہیں، جن کا مقصد سیلاب زدگان کی امداد اور تعلیم کا فروغ ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاہدوں پراسلامی ترقیاتی بینک کےنائب صدر ڈاکٹررامی احمد اوراقتصادی امور ڈویژن کےسیکرٹری محمد حمیرکریم نےدستخط کیے۔معاہدے کے تحت سیلاب سےمتاثرہ انتہائی غریب گھرانوں کو کسمپرسی اور غربت سے نجات دلانے کیلئے ایک جامع تخفیفِ غربت پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔
تخفیفِ غربت پروگرام کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 134اعشاریہ 2 ڈالرز لگایا گیا ہے جن میں سے اسلامی ترقیاتی بینک 118اعشاریہ 4ملین ڈالرز کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ منصوبے کا نفاذ ملک کے 25اضلاع میں ہوگا جس کے نتیجے میں 1 لاکھ 60 ہزار 866گھرانے مستفید ہوسکیں گے۔
اس پروگرام کے ذریعے غریب خاندانوں کو معاشی خودمختاری کی فراہمی اور مستحکم معاشی بنیاد استوار کرنا ہے۔ اسلامی ترقیاتی بینک اسکول نہ جانے والے آزاد کشمیر کے بچوں کیلئے ایک تعلیمی منصوبے کے تحت 10ملین ڈالرز کی فراہمی یقینی بنائے گا۔ منصوبے کے تحت 60ہزار بچے دوبارہ اسکول میں داخل ہوسکیں گے۔
تعلیم کو فروغ دینے کے منصوبے کے تحت 4000اساتذہ کو تربیت بھی دی جائے گی۔ نائب صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹر رامی احمد نے اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








