اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میں سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی رہائی کا حکم دیتے ہوئے عمران خان کی اہلیہ کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواستِ ضمانت کی منظوری اور 10، 10 لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکوں کے عوض بشریٰ بی بی کی رہائی کے احکامات دئیے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ توشہ خانہ کے تحفے کی قیمت کا اندازہ نیلام کے ذریعے لگایا جاسکتا ہے۔
توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت کے دوران جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دئیے کہ آپ کسی دکان سے گھڑی لے کر نکلے ہوں اور بعد میں اس کی قیمت لگوائی جائے تو کیا قیمت ملے گی؟ تحائف بشریٰ بی بی نے جمع نہیں کرائے اور عمران خان کو ملزم بنا دیا گیا؟ ایسا کیوں ہوا؟
موجودہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کیس کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دئیے کہ یہ بھی اسی طرح کا کیس ہے، اس کیس میں بھی بیوی کے کیے کا ذمہ دار شوہر کو ٹھہرایا گیا۔ صدارتی ریفرنس کیس کے متعلق پراسیکیوٹر عمیر مجید کا کہنا تھا کہ موجودہ کیس اس سے مختلف ہے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو یا ڈپٹی اٹارنی جنرل کو موقع ملے تو آذربائیجان جائیں اور دیکھیں کہ وہاں تحائف رکھنے کیلئے میوزیم موجود ہے۔ پوری دنیا کے صدور کو ملنے والے تحائف وہاں تصاویر کے ساتھ رکھتے ہیں، جب وہاں جانا ہوا تو کسی پاکستانی سربراہ کی تصویر ڈھونڈنے پر صرف بے نظیر بھٹو نظر آئیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی کارروائی کی تکمیل پر سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی 10، 10 لاکھ کے 2 مچلکوں کے عوض رہائی کا حکم دے دیا۔ خیال رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس کا آغاز توشہ خانہ سمیت دیگر کیسز میں عمران خان کی رہائی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد کیا گیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








