راولپنڈی میں غیر قانونی پارکنگ اور سروس ایریا میں پانی کی پائپ لائن کیلئے کھدائی کے باعث شہریوں کی آمدورفت محال ہو گئی ہے جبکہ پانی کے پائپ تاحال نہ ڈالے جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے الٰہ آباد ویسٹریج 3 میں مین پشاور روڈ سے ملحقہ سروس روڈ پر غیر قانونی پارکنگ اور ورکشاپس کی بھرمار ہے۔سروس ایریا میں پانی کی پائپ لائن کے لئے 2 ماہ قبل کھدائی کی گئی لیکن تاحال پانی کے پائپ نہیں ڈالے گئے۔شہریوں کے لیے گزرنا بھی محال ہو چکا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ تمام اسکولز اور گنجان آبادی قریب ہی موجود ہے۔ ہم نے متعدد مرتبہ متعلقہ اتھارٹیز کو اس حوالے سے درخواستیں دیں لیکن کسی درخواست پر کارروائی نہ ہوسکی، علاقے کے ایم پی اے اور ایم این اے کو کئی بار کہا کہ ہمارے مسائل کا حل نکالا جائے لیکن اراکینِ اسمبلی بھی علاقے میں نظر نہیں آتے۔
مکینوں کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ بھی غیر قانونی ورکشاپس سے اپنا حصہ وصول کرکے خاموش تماشائی بنا ہوا ہے جبکہ 15ستمبر کو اسکول کھل رہے ہیں۔اسکول کے اوقات کار کے دوران ٹریفک جام رہنے کے باعث طلباء و طالبات اور خواتین و مرد حضرات کو کافی اذیت کا سامنا رہتا ہے۔
مافیا بلا خوف و خطر غیر قانونی پارکنگ اور ورکشاپ سے بھتہ وصول کر کے جرائم کو تحفظ فراہم کر رہا ہے جبکہ بارش کے موسم میں یہاں سے پیدل گزرنا بھی محال ہوگیا ہے۔کیچڑ کے علاوہ سڑک پر پانی کھڑا رہتا ہے جس سے بیماریاں پھیلتی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ ہم تمام تر متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ ہمارے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور غیر قانونی پارکنگ اور ورکشاپس ختم کر کے سڑک کو کلیئر کرایا جائے تاکہ مقامی آبادی کے مکینوں کی مشکلات کم ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی ڈاکٹرایف آئی اے کے ہاتھوں رنگے ہاتھوں گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








