کراچی :شاہ فیصل کالونی نمبر تین میں پیٹرول کی غیر قانونی دکان میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ریسکیو اہلکاروں نے چند گھنٹوں میں آگ پر قابو پالیا۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان حسن خان نے آگ پر قابو پانے کا سہرا ریسکیو ٹیموں کے فوری ردعمل کو دیا۔ واقعہ میں مرنے والے شخص کی شناخت 55 سالہ سراج الدین کے نام سے ہوئی جسے عمارت سے نکالا گیا لیکن وہ زندہ نہیں بچ سکا۔
آگ مبینہ طور پر تیل اور ٹائر کی دکان میں دھماکے کے بعد لگی ، جو تیزی سے پڑوسی دکانوں تک پھیل گئی اور لوگ رہائشی عمارت میں پھنس گئے۔ دکان پر غیر قانونی طور پر پیٹرول فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ذرائع کے مطابق آگ مبینہ طور پر پیٹرول کے قریب پھینکے گئے سگریٹ سے بھڑکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کہ ماضی میں اس مقام پر پیٹرول کی غیر قانونی فروخت کے خلاف کارروائی کی گئی تھی تاہم دکاندار عدالتی حکم نامہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا جس کی وجہ سے پیٹرول کی فروخت جاری تھی، پولیس حکام کا کہنا ہےکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جلد تفصیلات عوام کے سامنے پیش کی جائینگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








