قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے قانونی ٹیم کی وساطت سے سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق کو قانونی نوٹس ارسال کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عماد وسیم پر سابق اہلیہ ثانیہ اشفاق نے جبری اسقاطِ حمل کے سنگین الزامات عائد کیے تاہم لیگل ٹیم کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کے دفاع کیلئے تمام متعلقہ ریکارڈ اکٹھا کرلیا گیا ہے، اس میں میڈیکل رپورٹس بھی شامل ہیں۔
لیگل ٹیم کے دعوے کے مطابق میڈیکل شواہد عماد وسیم پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد ثابت کرتے ہیں۔ سنگین الزامات کے معاملے پر ثانیہ اشفاق کو قانونی نوٹس بھیج دیا گیاہے۔ نومبر 2023 میں عالمی ٹورنامنٹ میں شرکت کے فیصلے باہمی رضامندی سے ہوئے۔
ٹیم کے مطابق ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں پر عماد وسیم پر الزام نہیں لگایا جاسکتا۔ متعلقہ ڈاکٹرز بھی اس مؤقف کی گواہی دینے کیلئے تیار ہیں۔ جبری اسقاطِ حمل دسمبر 2023 کا ہے تاہم نومبر 2023 کے اختتام پر سفر کا ریکارڈ اور دیگر شواہد الزامات کی تردید کیلئے کافی ہیں۔
عماد وسیم کے حق میں تمام دستاویزی ریکارڈ اور گواہان کے بیانات حاصل کر لیے گئے۔ اگر کسی کے پاس اس مؤقف کے برعکس ثبوت موجود ہیں تو متعلقہ عدالت میں پیش کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ عماد وسیم کی دوسری شادی کے بعد ان کی سابق اہلیہ نے عماد وسیم پر الزامات لگائے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








