ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس طلب، آئی ایم ایف سے پاکستان کو 1.2ارب دینے کا فیصلہ آج متوقع

تازہ ترین

تازہ ترین

آئی ایم ایف
(فوٹو: آئی ایم ایف)

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو 1.2ارب ڈالرز دینے کی تیاری کرلی، ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج 8دسمبر کو طلب کیا گیا ہے جس پاکستان کو قرض کی قسط اور کلائمیٹ فنانسنگ کی منظوری دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کا شیڈول بھی جاری کردیا۔ باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں پاکستان کو 1.2ارب ڈالرز دینے کی منظوری دی جائے گی جبکہ قرض پروگرام کے تحت 1 ارب ڈالرز دئیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں پاکستان 20کروڑ ڈالرز حاصل کرے گا۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ تقریباً 2 ماہ قبل اسٹاف لیول معاہدہ 14 اکتوبر کو کیا تھا جبکہ وفاقی حکومت کے مطابق پاکستان نے 1.2ارب ڈالرز کے قرض کی قسط کے حصول کیلئے تمام تر شرائط پر عملدرآمد پورا کرلیا ہے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے شرط رکھی تھی کہ بورڈ اجلاس سے قبل کرپشن اینڈ گورننس ڈائیگناسٹک رپورٹ جاری کردی جائے، پاکستان نے مذکورہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے تحفظات دور کردئیے۔ موجودہ قرض پروگرام کی یہ تیسری قسط ہوگی جس کی منظوری آئی ایم ایف کا ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کی 1 ارب ڈالرز کی پہلی قسط گزشتہ برس ستمبر 2024 کے دوران حاصل کی تھی جبکہ اسی پروگرام کے تحت پاکستان نے 1 ارب ڈالرز کی دوسری قسط مئی 2025 میں حاصل کی۔ یوں پاکستان موجودہ قرض پروگرام کے تحت آئی ایم ایف سے پہلے ہی 2 ارب ڈالرز حاصل کرلیے تھے۔

Related Posts