ملک بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ لاک ڈاؤن کے باعث شعبۂ تعلیم اور دیگر شعبوں سمیت امیگریشن اور پاسپورٹ کے دفاتر بھی بند رہے جنہیں آج سے کھول دیا گیا ہے۔
امیگریشن اور پاسپورٹ کے دفاتر 10 بجے صبح سے لے کر 1 بجے دوپہر تک کھلے رہیں گے۔ لاک ڈاؤن نافذ ہونے کے باعث دفاتر21 مارچ سے اب تک بند تھے جنہیں آج کھولنے کا فیصلہ کیا گیا جس کا باضابطہ نوٹیفیکیشن وفاقی وزارتِ داخلہ نے جاری کیا۔
وزارتِ داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام پاسپورٹ دفاتر کو صبح 10 بجے سے 1 بجے تک عوام الناس کی سہولت کیلئے کھلا رکھا جائے گا تاہم 50 سال سے زائد عمر رسیدہ افراد دفاتر میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
شہریوں کو صرف ارجنٹ فیس کے ہمراہ پاسپورٹ جمع کرانے کی اجازت ہوگی۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے رہنما ہدایات (ایس او پیز) پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔دفاتر کو تقریباً 81 روز بعد کھولا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ تعلیم نے لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن تعلیم اور امتحانات کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز اپنے پیغام میں وزیرِ تعلیم نے کہا کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے انفیکشنز کے پیشِ نظر وفاقی وزارتِ تعلیم نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی نہ لائی جائے۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن کے دوران آن لائن امتحانات کی اجازت
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








