جانا ہے تو تیاری کرلیں، اہم وسطی ایشیائی ملک پاکستانیوں کو جلد بڑی سفری سہولتیں دے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

پاکستان اور تاجکستان کے قومی پرچم، فائل فوٹو

خطے میں سیاحت اور تجارت کے فروغ کے لیے ایک مثبت پیشرفت کے طور پر پاکستانی شہری جلد ہی تاجکستان کی ای ویزا اور ویزا آن ارائیول سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

یہ اعلان وزیراعظم کے سیاحت کے کوآرڈینیٹر سردار یاسر الیاس اور تاجک حکام کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے بعد کیا گیا، جو ان کے حالیہ دورۂ تاجکستان کے موقع پر ہوئیں۔

تاجک حکام نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی مسافروں کے لیے ویزا کے عمل کو آسان بنانے کے اقدامات جلد شروع کیے جائیں گے۔ ملاقاتوں میں سیاحت، تجارت اور معاشی ترقی کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دورے کی ایک اہم جھلک تاجکستان کی جانب سے بارٹر ٹریڈ (اشیاء کے تبادلے کی تجارت) کو فروغ دینے کا عزم تھا، بالخصوص زرعی شعبے میں۔ دونوں ممالک نے طویل المدتی اور باہمی فائدے پر مبنی معاشی تعلقات استوار کرنے پر امید ظاہر کی۔

سردار یاسر الیاس نے اس دورے کو پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی کا مظہر قرار دیتے ہوئے کاروباری مواقع کے فروغ اور شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر زور دیا۔

ایک الگ ملاقات میں دونوں ممالک کے حکام  نے اپنی کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

پاکستان نے تاجک تجارتی وفد کو دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ ٹیکسٹائل، چمڑے اور تعمیراتی سامان کے شعبوں میں برآمدات بڑھانے پر معاہدے بھی طے پائے۔

Related Posts