انجمن سمیت مختلف فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پاکستانی فنکار عمران عباس نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پاکستان کی واحد امید، دیانتدار اور مخلص رہنما ہیں۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر حال ہی میں اداکار عمران عباس نے مداحوں کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے اور اسی دوران وزیرِ اعظم عمران خان کے متعلق کہا کہ وہ ملک کے ساتھ دیانتدار ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکار عمران عباس نے کہا کہ عمران خان ملک کی تاریخ میں دستیاب ہماری واحد امید، قوم سے مخلص اور بہادر ترین رہنما ہیں، مختصر یہ کہ میں ان سے محبت رکھتا ہوں۔
مداحوں نے عمران عباس سے وزیرِ اعظم عمران خان کے متعلق سوال کرنے کے بعد بھی سوال و جواب کا سلسلہ جاری رکھا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران عباس نے بتایا کہ مجھے اٹلی کا شہر روم پسند ہے۔

اسی دوران اداکار عمران عباس سے پوچھا گیا کہ شریک حیات کے بغیر کیا آپ خود کو تنہا تنہا اور چڑچڑا محسوس کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ شریکِ حیات کے ساتھ بھی کیا کبھی آپ کو تنہائی اور چڑچڑا پن محسوس نہیں ہوتا؟

کورونا کے باعث مشکلات کا شکار اداکار عمران عباس سے سوال کیا گیا کہ کیا وائرس کی وجہ سے آپ کے بال تو نہیں جھڑ رہے؟ انہوں نے کہا کہ میرے سر کے آدھے بال جھڑ گئے، انہیں واپس لانے کی کوشش میں ہوں۔

آج کل عمران عباس ڈرامہ سیریل تمہارے حسن کے نام کیلئے صبا قمر کے ہمراہ شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ سیریل کی شوٹنگ کراچی اور لاہور میں ہورہی ہے، تاحال ڈرامہ نشر کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
تمہارے حسن کے نام کی کہانی سارہ قیوم نے تحریر کی جس کیلئے اسکرین پلے عمیرہ احمد نے لکھا ہے۔ نئے ڈرامے کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران عباس کا کہنا ہے کہ ڈرامے کا موضوع اچھوتا اور غیر معمولی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لوگوں سے ان کے رویے کے مطابق سلوک کرتی ہوں۔علیزے شاہ
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








