اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اقتدار میں واپسی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے غیر ملکی ایجنڈے کے تحت ملک کے پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
ایک بیان میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حکومت کو بلیک میل کرنے کے لیے مسلح گروپوں کے ساتھ وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیا لیکن وہ اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے میں بری طرح ناکام رہے اور اب وہ پاکستان میں پارلیمانی نظام جمہوریت پر حملہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان جمہوریت پر ”حملہ” کرکے اپنے ”غیر ملکی ایجنڈے” کو حاصل کرنا چاہتے ہیں جس کا کوئی قانونی اور آئینی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے جمہوریت پر حملے کو ایک بار کامیاب ہونے دیا تو اسے بار بار دہرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت، قومی و صوبائی اسمبلیاں اور 1973 کا آئین اس نظام کا حصہ ہیں جس پر پاکستان کا استحکام انحصار کرتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں واپسی اور اپنے سیاسی ایجنڈے کو حاصل کرنے کے لیے ”جمہوریت مخالف کوشش” کر سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اقتدار میں واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی ”غیر آئینی اور غیر جمہوری اقدام” کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی کو سکھر سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری طریقے سے عمران خان کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے جس کا مقصد پاکستان کو سیاسی اور معاشی طور پر غیر مستحکم کرنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








