اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو 9 مئی کے پرتشدد مظاہروں کے تناظر میں بیرون ملک سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سابق خاتون اول بشریٰ بی بی، قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اسد قیصر، مراد سعید، حماد اظہر اور پی ٹی آئی کے 600 سے زائد رہنماؤں کے نام نو فلائی لسٹ میں شامل کئے گئے ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے 9 مئی کو ہونے والے احتجاج کے دوران عوامی اور فوجی تنصیبات پر حملوں کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گرد گھیرا تنگ کردیا ہے۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں نے گزشتہ تین دنوں میں بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی، انہوں نے مزید کہا کہ حکام نے انہیں ہوائی اڈوں پر روک دیا۔
مزید پڑھیں:پولیس پرویز الہیٰ کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائشگاہ پہنچ گئی
ایک دن قبل، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے صائمہ ندیم کو کراچی ایئرپورٹ پر پرواز سے اس وقت اتارا جب وہ ٹورنٹو جا رہی تھیں اور انہیں حراست میں لے لیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








