مینڈیٹ چوری کرنیوالوں نے ملک دشمنی اور غداری کی۔عمران خان

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوری کرنے والوں نے ملک دشمنی اور غداری کی ہے جس پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، مجھے اٹک جیل میں برے حالات کا سامنا کرنا پڑا۔

تحریکِ انصاف کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز اڈیالہ جیل میں میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اٹک جیل میں بہت سختی ہوئی اور زمین پر سلایا گیا۔ 25 نشستیں جیتنے والوں کو حکومت کیسے دی جاسکتی ہے؟

پی ٹی آئی کے بیان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 25 نشستیں لینے والے کیسے پورے پاکستان کو لے کر چل سکتے ہیں؟برف پگھلنے کا وقت تب آئے گا جب الیکشن کا آڈٹ کروایا جائے۔ ہمیں سنی اتحاد کونسل کے علاوہ شیرانی گروپ اور ایم ڈبلیو ایم سے بھی اتحاد کرنا تھا۔

بیان کے مطابق عمران خان نے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری جماعت کی مخصوص نشستیں کسی اور کو نہیں دی جاسکتیں، میچ فکس تھا۔ پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستیں نہ دینے کا فیصلہ کیا تو اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔

عمران خان کا تحریکِ انصاف کے دعوے کے مطابق کہنا تھا کہ اس وقت قوم ایک جگہ موجود ہے جبکہ اسٹیبلشمنٹ اور چند جماعتیں الگ ہیں۔ مینڈیٹ چوری، ملک دشمنی اور غداری پر آئین کا آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔ آئی ایم ایف معاہدے سے قبل سیاسی اتحاد ضروری ہے۔

Related Posts