اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے پارٹی میں اہم تبدیلیاں کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر اسد قیصر اور علی محمد خان کو کلیدی عہدے سونپ دیے ہیں۔
احتجاج کی فائنل کال کے بعد بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو نیا پارٹی چیئرمین اور علی محمد خان کو مرکزی جنرل سیکریٹری مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی کے مطابق اسد قیصر کو چیئرمین اور علی محمد خان کو جنرل سیکریٹری کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ اس پیشرفت کی تصدیق بیرسٹر علی ظفر نے بھی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی نے پارٹی کی قیادت کے لیے سینئر رہنماؤں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی تناظر میں اسد قیصر اور علی محمد خان کو جیل میں ملاقات کے لیے بلایا گیا ہے۔
اسد قیصر کی وضاحت
تاہم، اسد قیصر نے اس پیشرفت کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں چیئرمین نامزد کرنے کی خبریں درست نہیں ہیں اور سیکریٹری جنرل کے حوالے سے کوئی فیصلہ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بعد ہی ہوگا۔
اس دوران سلمان اکرم راجہ نے مرکزی جنرل سیکریٹری کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد صاحبزادہ حامد رضا نے بھی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ وہ قومی اسمبلی کی نشست سے بھی بانی پی ٹی آئی کو اپنا استعفیٰ پیش کریں گے اور احتجاج کی فائنل کال کی ناکامی کے باعث اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








