چک جھمرہ: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر ملک کے نوجوانوں کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔
چک جھمرہ میں کارکنوں اور پارٹی کے حامیوں سے خطاب کے دوران پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا کہ 3 نسلوں سے میرا خاندان ملک کی حفاظت کررہا ہے لیکن کپتان نے ثابت کیا ہے کہ اپنی قوم کے لئے قربانی دینے کے لئے وردی پہننا ضروری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی زندگی گزار چکے، وہ اپنی زندگی کو خطرے ڈال کر جدوجہد ملک کے نوجوانوں کے مستقبل کے لیے کررہے ہیں۔
عمران خان پر قاتلانہ حملے کی آئینی سطح پر تحقیقات کروائی جائیں
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں 75 سال سے مذاق چل رہا ہے، کبھی عوام کے مستقبل کے فیصلے لندن اور امریکا میں ہورہے ہیں ، کبھی یہ فیصلے بند کمروں میں تو کیبھی منڈیاں لگا کر ہورہے ہیں، پوری قوم انتخابات کا مطالبہ کررہی ہے، پاکستان کے عوام نے پہلی دفعہ یہ پیغام بھیجا ہے کہ ہم غلام نہیں ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ باہر والوں کی بات کو سر جھکا کر ماننی پڑتی ہے کیونکہ ہم بھکاری ہیں۔ یہ قوم بھکاری نہیں، امریکا کی بات ہم کیوں مانیں، اب فیصلہ ہوگا تو فیصلہ آباد، تاندیانوالہ اور چک جھمرہ میں ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








