خاتون جج دھمکی کیس، عدالت نے عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کر لی

تازہ ترین

تازہ ترین

عمران خان
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس سمیت 2 مقدمات میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے عمران خان کی خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں ضمانت 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی۔ مقدمے کی سماعت کیلئے عمران خان کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر بھی حاضر ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:

میں چوروں کے سامنے کھڑا ہوں۔عمران خان

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے تھانہ کوہسار میں عمران خان کے خلاف درج اشتعال انگیز تقاریر کیس میں بھی عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کی۔ مقدمات کی سماعت سیشن جج کامران بشارت مفتی نے کی اور کیسز کیلئے احکامات جاری کیے۔

مقدمے کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں شاملِ تفتیش ہوئے۔ پبلک پراسیکیورٹر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تفتیش کو صحیح طریقے سے جوائن نہیں کیا۔

سماعت کے دوران معزز جج نے ریمارکس دئیے کہ عمران خان نے کس تقریر میں اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کیا، وہ تو آپ کو بتانا ہوگا۔ پبلک پراسیکیوٹر نے الزام عائد کیا کہ عمران خان نے پبلک سرونٹس کو دھمکایا۔ بعد ازاں مقامی عدالت نے عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کر لی۔

وکلاء نے عمران خان کی ضمانت کے عوض 50 ہزار کے مچلکے عدالتی احکامات کے تحت عدالت میں جمع کروائے۔ سماعت کے بعد عمران خان سے میڈیا نمائندے نے سوال کیا کہ آپ کا سینیٹر ایف آئی اے کے ہاتھوں گرفتار ہوا، کیا کریں گے؟ عمران خان نے کہا کہ ہم عدالت جائیں گے۔ 

 

Related Posts