اسلام آباد: وفاقی حکومت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ اور احتجاج کے اعلانات کررہے ہیں، عمران خان سپریم کورٹ احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو پر امن احتجاج کی اجازت دی تھی لیکن عمران خان ایک مرتبہ پھر اسلام آباد پر چڑھائی کے اعلانات کررہے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ عمران خان کو احتجاج اور دھرنے کے حوالے اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے۔
خیال رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے تاہم ان کی جانب سے لانگ مارچ کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
آج بھی راولپنڈی کی پیر مہر علی شاہ یونیورسٹی میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ بہت جلد کال دینے والا ہوں، جیل تو کیا موت سے بھی نہیں ڈرتا، چوروں اور مافیا کے خلاف آخری وقت تک لڑوں گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








