اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جمعہ المبارک کے دن نماز جمعہ کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل مسجد کا اندرونی ہال سیل کردیاہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فیصل مسجد کا اندرونی ہال سیل کردیا۔ جس کے بعد مسجد کے اندرونی حال میں باجماعت نماز ادا نہیں کی جاسکے گی۔ضلعی انتظامیہ نے ہال کے مرکزی گیٹ پر مہر چسپا کردی۔
این سی او سی کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کورونا کے تشویش ناک مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، راولپنڈی کے مختلف اسپتالوں میں کورونا کے 20 مصدقہ مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں اب تک 32 ہزار 414 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں 340 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔اس کے علاوہ ملک بھر میں بھی کورونا کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔