قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کیلئے ویزے جاری نہ ہوسکے جس کے باعث گرین شرٹس کی بھارت روانگی تاخیر کا شکار ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم نے 7 روز قبل ویزے کیلئے درخواست دی جس کے دوران دیگر ٹیموں کو ویزے جاری کردئیے گئے تاہم بھارت کی نریندر مودی حکومت کی جانب سے پاکستانی ٹیم کیلئے ویزوں کا اجراء ممکن نہیں بنایا گیا۔
آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ جاری، بھارتی ٹیم کی پہلی پوزیشن
کرک انفو کا بھی کہنا ہے کہ صرف پاکستانی ٹیم کو ہی ویزے جاری نہیں ہوسکے جس کا سبب پاک بھارت سیاسی کشیدگی ہے۔ ویزے جارے ہونے میں تاخیر کے باعث پی سی بی نے ٹیم کی دبئی روانگی بھی منسوخ کردی۔
آئندہ ہفتے قومی کرکٹ ٹیم کی دبئی روانگی اور پھر وہاں سے حیدر آباد پہنچ کر وارم اپ میچز شیڈول تھے جو تاخیر کا شکار ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم بدھ کے روز لاہور سے دبئی اور وہاں سے حیدر آباد کیلئے روانہ ہوسکتی ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 29ستمبر کو وارم اپ میچ ورلڈ کپ کے شیڈول میں شامل ہے۔بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے بھی ٹال مٹول سے کام لینے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ تاخیر کے باعث پاکستان کی ورلڈ کپ کے میچز کیلئے تیاری بھی متاثر ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








