بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے آس پاس کچھ مشتبہ اور مبینہ طور پر پاکستانی ڈرون منڈلاتے ہوئے دیکھے گئے ہیں جن پر بھارتی فوج نے خوفزدہ ہوکر فائرنگ بھی کی۔ پورے علاقے میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور کے بعد پہلی بار پاک بھارت سرحد پر مشتبہ ڈرون نظر آئے ہیں، جس کی وجہ سے بھارتی ایجنسیاں ایکشن لینے کیلئے تیار ہیں۔ علاقے کے کونے کونے کی تلاشی لی جانے لگی۔ جن علاقوں میں بھارتی فوج کو مشتبہ ڈرونز نظر آئے، ان میں راجوڑی اور پونچھ کے علاقے شامل ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرون چند منٹ تک فضا میں رہنے کے بعد واپس لوٹ گئے تاہم بھارتی فوج اور سکیورٹی فورسز تاحال ہائی الرٹ پر ہیں۔ سرحدی علاقے میں کلسیاں گاؤں کے اوپر بھی ایک ڈرون دیکھنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے جس پر بھارتی فوج نے نہ صرف فائرنگ کی بلکہ سرچ آپریشن بھی کیا۔
راجوڑی کے علاوہ مزید علاقوں میں بھی ڈرون دیکھے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رام گڑھ سیکٹر میں بھی ایک ڈرون جیسی چیز کافی دیر تک اڑتی رہی۔ بھارتی میڈیا کو تشویش لاحق ہے کہ ڈرونز بھیجنے کا مقصد شاید بھارت میں ہتھیار اور منشیات بھیجنا ہے تاہم پاکستان نے ان الزامات کا فی الحال کوئی جواب نہیں دیا۔
واضح رہے کہ ایل او سی پر اشتعال انگیز فائرنگ اور ڈرونز کے ذریعے در اندازی بھارت کا وطیرہ رہا ہے، اور ہمسایہ ملک نے بے بنیاد پراپیگنڈہ کرتے ہوئے اس کا الزام ہمیشہ پاکستان پر عائد کیا۔ تاہم بھارت کی پراپیگنڈہ مشینری عالمی سطح پر اپنے الزامات کو ثابت کرنے میں ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھتی آئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








