بھارت نے متحدہ عرب امارات کو خام تیل کی پہلی ادائیگی روپے میں کردی

تازہ ترین

تازہ ترین

نئی دہلی: بھارت نے تاریخ میں پہلی بار متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو خام تیل کی ادائیگی روپے میں کردی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق بھارتی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مقامی کرنسی میں باہمی تجارت کا آغاز ہوچکا ہے جس کے تحت بھارت نے پہلی بار متحدہ عرب امارات کو 10 لاکھ تیل کے بیرلز کی ادائیگی روپے میں کردی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے نے بیان جاری کیا کہ انڈین آئل کارپوریشن نے ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی (اے ڈی این او سی) کو تیل کی قیمت روپے میں ادا کی ہے،یہ لین دین متحدہ عرب امارات کے سونے کے برآمد کنندہ کی جانب سے بھارت میں خریدار کو تقریباً 12 کروڑ 84 لاکھ روپے (1.54 ملین ڈالرز) میں 25 کلو گرام سونا فروخت کرنے کے بعد ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

اسکردو کوبین الاقوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا

بھارت نے جولائی میں معاہدہ طے کیا تھا جس کے نتیجے میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارت کی ادائیگی ڈالرز کے بجائے روپے میں کرنے پر اتفاق ہوا تھا، اس معاہدے کی بدولت ڈالر سے روپے میں تبدیلی کو ختم کرکے لین دین کے اخراجات کو کم کرنے کی بھارتی کوششوں کو تقویت ملی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہِ متحدہ عرب امارات کے دوران دونوں ممالک نے ’ریئل ٹائم پیمنٹ لنک‘ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ سرحد پار رقم کی باآسانی منتقلی کی سہولت فراہم کی جاسکے، سال 23-2022 کے دوران بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ساڑھے 84 ارب ڈالرز کی باہمی تجارت ہوئی تھی۔

Related Posts