پاکستان میں 100سے 150دہشت گرد، ہم حملے کیلئے تیار ہیں۔بھارتی آرمی چیف

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارتی آرمی چیف
(فوٹو: بلومبرگ)

بھارتی آرمی چیف جنرل اپندر دویدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں 100 سے 150 دہشت گرد اور 8 کیمپس ہیں جہاں دہشت گردوں کو تربیت دی جاتی ہے۔ بھارتی فوج ان سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کارروائی کیلئے تیار ہے۔

اور یہ کارروائی کیا ہوگی؟ آپریشن سندور میں بھارتی فوج نے جو ہزیمت اٹھائی، وہ دنیا جانتی ہے۔ تاہم کارروائی سے مراد پاکستان کے خلاف فوجی آپریشن ہوگا جسے بھارتی میڈیا آپریشن سندور کے ساتھ ساتھ آپریشن بالاکوٹ 2 کا بھی نام دے رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف جنرل اپندر دویدی نے منگل کو آپریشن سندور کے بعد پہلی بار واضح طور پر کہا کہ پاکستان کے زیر قبضہ علاقوں میں اب بھی 8دہشتگرد فعال ہیں اور ہم ان کی لوکیشن، سرگرمیوں اور دہشت گردوں کی تعداد جانتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل دویدی کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی معلومات کے مطابق سرحد پار کل 8دہشت گرد کیمپس فعال ہیں جن میں اب بھی دہشت گرد موجود ہیں اور وہاں تربیت جیسی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ہماری ان تمام کیمپس پر کڑی نظر ہے اور ہر سرگرمی باریکی سے مانیٹر کر رہے ہیں۔،

جنرل دویدی نے کہا کہ اگر دوبارہ کسی بھی قسم کی دہشت گردی ہوتی ہے تو بھارت اپنے ارادوں کو عملی جامہ ضرور پہنائے گا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف نے پاکستان کو واضح پیغام دیا ہے کہ آپریشن سندور ابھی ختم نہیں ہوا۔

دراندازی کی ایک اور کوشش؟

یہاں یہ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل پاکستان میں آپریشن سندور کے نام پر در اندازی کیلئے بھارت نے پہلگام کے مبینہ فالس فلیگ آپریشن کو بنیاد بنایا اور جب پاکستان نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کے طیارے مار گرائے تو بھارتی فوج منہ چھپاتی پھر رہی تھی۔ بھارتی میڈیا کو دئیے گئے بیانات میں کتنے ہی عرصے تک گرائے گئے طیاروں کی اصل تعداد کو خفیہ رکھا گیا۔

بعد ازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کھل کر بھارت کے 7 (اور بعض بیانات کے مطابق 8)طیارے مار گرائے جانے کا ذکر کیا اور پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت کو سر آنکھوں پر بٹھایا گیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ بھارتی فوج کو عالمی سطح پر الگ درجے کی رسوائی کا سامنا ہوا جو اس سے قبل تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی تھی، یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو آج تک دھمکایا جارہا ہے۔

Related Posts