بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے انڈین ائیر فورس کے طیاروں کی تباہی تسلیم کرلی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ بلوم برگ)

بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ پاکستان نے ابتدائی جھڑپوں میں بھارتی فضائیہ کے جنگی طیارے مار گرائے تاہم انہوں نے تعداد بتانے سے گریز کیا۔

یہ انکشاف بھارتی مسلح افواج کے سربراہ (چیف آف ڈیفنس اسٹاف) جنرل انیل چوہان نے سنگاپور میں جاری شنگریلا ڈائیلاگ سیکیورٹی کانفرنس کے دوران بلوم برگ کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔

جنرل چوہان نے تصدیق کی کہ پاکستان نے ابتدائی جھڑپوں میں بھارتی فضائیہ طیارے مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی نقصانات کے بعد بھارت نے اپنی حکمت عملی میں تبدیلی کی اور 7، 8 اور 10 مئی کو پاکستان کے اندرونی علاقوں میں فضائی حملے کیے، جن میں پاکستانی فضائی دفاعی نظام کو مؤثر طریقے سے ناکام بنایا گیا۔

جنرل چوہان نے کہا کہ اہم یہ نہیں کہ کتنے طیارے گرے، بلکہ یہ کہ وہ کیوں گرے،پاکستان کا یہ دعویٰ کہ اس نے چھ بھارتی طیارے مار گرائے بالکل غلط ہے لیکن ہم یہ ضرور تسلیم کرتے ہیں کہ ہمیں نقصان ہوا۔”

انہوں نے مزید کہا:اصل سوال یہ ہے کہ ہمارے طیارے کیوں گرے؟ ہم نے کون سی غلطی کی؟ تعداد اہم نہیں، سبق سیکھنا اور غلطیوں کی اصلاح کرنا اہم ہے۔”

چوہان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنی حکمت عملی میں فوری تبدیلی کی، غلطیوں کو درست کیا، اور دو دن بعد دوبارہ تمام طیارے فضا میں اُڑا کر طویل فاصلے تک اہداف کو نشانہ بنایا۔

جنرل چوہان نے اس بات کی وضاحت کی کہ دونوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا کوئی خطرہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ “جوہری حد سے پہلے کافی گنجائش موجود ہے” اور دونوں طرف سے اس بات کا مظاہرہ کیا گیا کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے گریز کریں گے۔

انہوں نے اس تاثر کو بھی مسترد کیا کہ چین نے پاکستان کی مدد کی۔ ان کے مطابق، بھارت کی شمالی سرحدوں پر کوئی غیر معمولی سرگرمی نہیں دیکھی گئی، اور چین کی طرف سے پاکستان کو کسی قسم کی فوجی مدد فراہم کرنے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

پاکستانی حکومت اور وزیرِاعظم شہباز شریف پہلے ہی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ پاکستانی فضائیہ نے حالیہ تنازع میں بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے، جن میں چار فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

Related Posts