بھارتی کوسٹ گارڈز نے بحیرہ عرب میں پاکستانی ماہی گیروں کی کشتی کو قبضے میں لیتے ہوئے 9پاکستان ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈز نے پاکستانی ماہی گیروں کے قبضے سے تقریباً 500کلوگرام مچھلی برآمد کی، تاہم ماہی گیروں کے قبضے سے کوئی غیر قانونی یا تشویشناک چیز برآمد نہیں ہوئی، جبکہ یہ واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے قریب کھلے سمندر میں پیش آیا۔
پاکستانی ماہی گیر اپنے روایتی ماہی گیری کے علاقوں میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے، جب بھارتی کوسٹ گارڈز نے کارروائی کی۔ انچارج کوسٹل میڈیا سینٹر کا کہنا ہے کہ گرفتار ماہی گیر کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشتی میں ماہی گیری کے مکمل سامان کے علاوہ کوئی اور چیز برآمد نہیں ہوئی۔
انچارج کوسٹل میڈیا سینٹر کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتاری کے اس پہلو پر تفتیش جاری ہے کہ کوئی خلاف ورزی ملی یا نہیں۔ بھارتی کوسٹ گارڈز نے کشتی قبضے میں لینے کے بعد گرفتار پاکستانی ماہی گیروں کو قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ محکموں کے حوالے کردیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








