لندن میں مہاراجہ آف منی پور کے نمائندوں نے بھارت سے آزادی کا اعلان کرتے ہوئے منی پور ریاست کونسل کے قیام کا اعلان کردیا۔مہاراجہ آف منی پور لیشمبا ساناباؤجا کے نمائندوں نے لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منی پور ریاست کی جلا وطن حکومت کا بھی اعلان کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ منی پور کونسل یامبین بائرن اور وزیرخارجہ و دفاع نارنگبام سمرجیت کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کے انڈیا میں ہمارے لیے کوئی جگہ نہیں، مودی کے شدت پسندانہ خیالات کی وجہ سے ان کے ساتھ رہنا ناممکن ہے۔
اس موقع پر انہوں نے منی پور کے مہاراجہ کی دستخط شدہ دستاویز بھی دکھائیں جس میں انہیں منی پور کا مسئلہ حل کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔مہاراجہ منی پور کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ مہاراجہ آف منی پور لیشمبا ساناباؤجا ہی ہماری نئی اور آزاد ریاست کے حکمران ہوں گے۔
منی پور کونسل کے نمائندوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ ان کی جلا وطن حکومت کو تسلیم کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ منی پور کے لوگ بھارت کے جابرانہ قوانین میں رہنے پر مجبور ہیں اور وہاں پر بھارتی فوج کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں جس کے باعث ریاست میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات عام ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصر ے کی باعث مسلسل 87ویں روز بھی معمولات زندگی مفلوج رہی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








