بھارت سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI-171 ایک خوفناک فضائی حادثے کا شکار ہو گئی، جس نے عالمی سطح پر ہلچل مچا دی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کیبل نیوز نیٹ ورک (سی این این) کی ابتدائی رپورٹ نے حادثے کی وجوہات پر حیران کن اور ہولناک روشنی ڈالی ہے۔
سی این این کے مطابق بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ ٹیک آف کے صرف دوسرے منٹ میں ہی ایک درخت سے ٹکرا کر زمین بوس ہو گیا۔
حادثہ اس قدر اچانک تھا کہ پائلٹس کو ہنگامی پیغام بھیجنے کا موقع تک نہ مل سکا کیونکہ جہاز ابتدا ہی میں خطرناک حد تک کم بلندی پر قابو سے باہر ہو چکا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، طیارہ دوپہر 1 بج کر 38 منٹ پر احمد آباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل ایئرپورٹ سے فضا میں بلند ہوا۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ رادار 24 کا کہنا ہے کہ طیارے نے تقریباً 625 فٹ کی بلندی پر پہنچنے کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کھو دیا اور کچھ ہی لمحوں بعد رہائشی علاقے میگھانی نگر میں گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے بعد بوئنگ کمپنی نے مختصر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ واقعے سے باخبر ہے اور تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی۔
دوسری جانب برطانیہ، پرتگال اور کینیڈا نے فوری طور پر اپنے سفارتی عملے کو متحرک کر دیا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








