سائبرآباد پولیس نے ہفتہ کے روز حیدرآباد یونیورسٹی کے ایک سینئر پروفیسر کو ایک غیر ملکی طالبہ سے چھیڑ چھاڑ کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ پروفیسر نے مبینہ طور پر جمعہ کی رات تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک طالبہ کے ساتھ اپنی رہائش گاہ پر چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی۔
غیر ملکی طالبہ کو پروفیسر نے مبینہ طور پر اپنی رہائش گاہ پر بلایا تھا جو کیمپس کے قریب واقع ہے۔ طالبہ نے درج کرائی شکایت میں کہا کہ پروفیسر اپنے گھر پر اکیلے تھے۔ انہوں نے شراب کی پیشکش کی اور صورتحال کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ پروفیسر پر تعزیرات ہند کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
طالبہ صرف تھائی بولنا جانتی ہے، پولیس کو ترجمہ کے لئے مترجم کی تلاش ہے۔
دریں اثنا، یونیورسٹی کے طلباء نے مرکزی دروازے پر جمع ہو کر واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور طالبات کی حفاظت کا مطالبہ کیا۔ طلبہ یونین نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نے ان کی شکایات کو نظر انداز کیا ہے۔
یونیورسٹی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس واقعے کی مذمت کی اور اسے جنسی زیادتی کا معاملہ قرار دیا۔ تاہم پولیس نے واضح کیا کہ طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی نہیں کی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








