کراچی :پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے اڑھائی سال عوام پر کافی بھاری ثابت ہوئے۔ اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو ایسے پر لگے کہ عام عوام کی پہنچ سے دور ہی ہوگئیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق اڑھائی سال میں چینی اوسط 38 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔ اگست 2018 میں چینی کی اوسط قیمت 55 روپے 59 پیسے فی کلو تھی، جو اب 93 روپے 59 پیسے فی کلو ہوگئی ہے۔
ادارہ شماریات کی دستاویزات میں بتایا گیا کہ دہی 19 روپے 87 پیسے فی کلو، انڈے 50 روپے 38 پیسے فی درجن، چاول 14 روپے 55 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 37 روپے مہنگا ہوا۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا مہنگائی کے حوالے سے کہنا ہے کہ ہر روز مہنگائی میں اضافے پر تکلیف ہے، لوگ موجودہ حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
مریم نوازنے کہا ہے کہ جس نے پوری زندگی کوئی کام نہیں کیا اس پر ملک اور قوم کی ذمہ داری ڈال دی، وزیراعظم نے سوائے اپوزیشن کو ہدف بنانے کے اور کچھ نہیں سیکھا،ایک نالائق اور نااہل شخص کو اقتدار میں لایا گیا۔
وزیر اعظم کی ترجیحات صرف اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنانا ہے، عوام کی ذمہ داری عمران خان کی ترجیحات میں شامل نہیں، عوام کو وہ جواب دیتے ہیں جنہیں منتخب کریں، ہر روز مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے، لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔